بھارت میں ہندی فلموں کے معروف اداکار انوپم کھیر کا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن نے کراچی ادبی میلے میں شرکت کے لیے انہیں ویزا نہیں دیا۔
لیکن پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کیےگئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں انوپم کھیر کی طرف سے ویزا کی کوئی درخواست ہی نہیں موصول ہوئی ہے۔
انو پم کھیر اور 17 دیگر ادیبوں اور فنکاروں کو چار روزہ کراچی ادبی میلے میں 5 فروری سے شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ باقی سبھی 17ہندوستانی شہریوں کو ویزہ جاری کیا گیا ہے۔
انوپم کھیر ادبی میلے کی دو اہم نشستوں میں شرکت کرنے والے تھے۔ ان کا نام میلے کے پروگرام میں نمایاں طور پر مشتہر کیا گیا تھا۔
کھیر نے ویزا نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ کراچی ادبی میلے میں شرکت کا انتظار کر رہے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ اس پلیٹ فارم سے لوگوں کے ذہن میں بسی ہوئی غلط فہمیوں کو دور کر سکیں۔
انھوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کہ صرف مجھے ویزا کیوں نہیں دیا گیا۔ ہو سکتا ہے کہ اس لیے کہ میں کشمیری پنڈت ہوں یا پھر رواداری کے بارے میں میرا جو موقف رہا ہے شاید اس کی وجہ سے ویزا نہ دیا گیا ہو۔‘
انوپم کھیر نے کہا کہ ’ہم پاکستانی فنکاروں کا بھارت میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ اگر کسی فنکار کی کسی جگہ پر مخالفت ہوتی ہے تو ان کا دوسری جگہ پر خیر مقدم ہوتا ہے ۔ ہم لوگ کوئی جوابی کارروائی نہیں کرتے ۔‘
اس دوران پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انوپم کھیر نے پاکستان ہائی کمیشن میں کبھی ویزا کی کوئی درخواست داخل نہیں کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس بات کی وضاحت کرنا چاہیں گے کہ پاکستان ہائی کمیشن کو انوپم کھیر کی طرف سے ویزا کی کوئی درخواست نہیں موصول ہوئی۔ اس لیے انہیں ویزا جاری کرنے یا نہ کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔‘
اگر انوپم کھیر ویزا کی در خواست دیں تو کیا انہیں ویزا ملے گا؟ اس سوال کے جواب میں ہائی کمیشن کے ترجمان منظور علی میمن نے کہا ’مسلمہ اصولوں کے مطابق جب کوئی ویزا کی درخواست داخل کرتا ہے تبھی اس پر غور کیا جاتا ہے۔‘
انوپم کھیر بی جے پی کی رکن پارلیمان کرن کھیر کے شوہر ہیں۔ وہ مودی حکومت کے بڑے حامی ہیں۔ کچھ دنوں پہلے جب ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے خلاف متعد د ادیبوں ، فنکاروں اور اداکاروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور احتجاج میں اپنے ایوارڈز واپس کر دیے تھے، تو انوپم کھیرنے اپنے ہم خیال فلمی ہستیوں اور بی جے پی حامیوں کے ساتھ حکومت کی حمایت میں ایک مظاہرے کی قیادت کی تھی۔
Comments are closed.