پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انھوں نے کہا کہ ’بے نظیر بھٹو نے انھیں ان کی اصل طاقت وردی سے محروم کیا۔ آصف زرداری نے انھیں ایوانِ صدر سے باہر نکالا۔ آپ نے کیا کیا؟ انھیں آزاد کر دیا؟‘
اس کے ساتھ ہی انھوں نے ’گو نواز گو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا تھا کہ حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کو عدالتی فیصلہ کے بعد ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے تاہم ان کے خلاف موجود کیس جوں کے توں موجود ہیں۔
اسلام آباد میں جمعرات کی شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ان کے دورِ حکومت میں پرویز مشرف کو آزادانہ باہر آنے جانے کی اجازت تھی۔
’آپ نے پانچ سال حکومت کی، جب آپ نے اسی جنرل مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا تو آپ کا رائٹ ٹو گورننس ختم نہیں ہوا۔ جب آپ نے تمام سیاسی جماعتوں کو جنرل مشرف کو ایمنیسٹی دینے کی تلقین کی تب تو آپ کو یہ باتیں یاد نہیں آئیں، جنرل مشرف پر اس وقت بھی بے نظیر بھٹو کے قتل کا الزام تھا۔‘
Comments are closed.