ضلع کیچ میں حملہ، جے یو آئی کے رہنما بیٹے سمیت ہلاک

مفتی احتشام الحق اور ان کے بیٹے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے (فائل فوٹو)

مفتی احتشام الحق اور ان کے بیٹے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایک حملے میں معروف مذہبی سکالر اور جمیعت العلماء اسلام (ف ) کے رہنما مفتی احتشام الحق اور ان کا بیٹا ہلاک ہوگئے۔

مفتی احتشام الحق اور ان کے بیٹے کو اتوار کی شب ضلع کیچ کے علاقے آسیا آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔

ضلع کیچ میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق مفتی احتشام الحق گاڑی میں اپنے بیٹے کے ہمراہ کولواہ کی جانب جا رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے راستے میں ان پر حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں مفتی احتشام الحق اور ان کا بیٹا ہلاک ہوگئے۔

مفتی احتشام الحق اور ان کے بیٹے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مفتی احتشام الحق جے یو آئی (ف) کے ضلع کیچ کے سابق امیر تھے۔ ان کا شمار جے یو آئی (ف) کے اہم رہنماؤں کے علاوہ بلوچستان کے ممتاز علماء میں ہوتا تھا۔

جے یوآئی کے رہنما اور ان کے بیٹے پر حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

ضلع کیچ ایران سے متصل بلوچستان کا سرحدی ضلع ہے۔

اس ضلع کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثرہ ہیں۔

اس ضلع میں تشدد کے دیگر واقعات کے علاوہ سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔

تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ضلع کیچ میں بہتری آئی ہے۔

 

Comments are closed.