پاکستان کی سیاسی جماعت عوامی نیشنل پارٹی سے منسلک سینیئر سیاستدان حاجی محمد عدیل طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
72 سالہ حاجی محمد عدیل ذیابیطس، بلند فشارِ خون کے عارضے میں مبتلا تھے۔
چند ماہ سے ان کے گردے بھی صحیح کام نہیں کر رہے تھے جس وجہ سے انھیں ڈائلیسس پر رکھا گیا تھا۔
جمعرات کی شب انھیں طبعیت کی خرابی پر پشاور کے سی ایم ایچ لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
حاجی عدیل کے قریبی ساتھی ملک مصطفی نے بی بی سی اردو کے عزیز اللہ خان کو بتایا کہ وہ صبح ساڑھے تین بجے چل بسے۔
اے این پی کے ذرائع کے مطابق حاجی محمد عدیل کی نمازِ جنازہ جمعے کی سہ پہر چار بجے پشاور کے جناح پارک میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انھیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔
حاجی محمد عدیل نے اپنے سیاسی سفر میں بطور صوبائی وزیرِ برائے خزانہ، ڈپٹی سپیکر اور سینیٹر کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضٰی جاوید عباسی نے حاجی محمد عدیل کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل ایک محب وطن سیاسی رہنما تھے اُن کی سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments are closed.