انڈیا کے دفتر خارجہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ تین تاریخ کو پاکستان میں ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت کریں گے تاہم پاکستانی حکام سے دو طرفہ ملاقات نہیں ہو گی۔
یہ بات انڈیا کے دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹویٹ میں کہی۔
ان کا کہنا تھا ’میں اس بات کو بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ وزیر داخلہ سارک اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ ان کی پاکستان (حکام) سے دوطرفہ ملاقات نہیں ہونی۔‘
٭ ’انڈین وزیر داخلہ آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے‘
انڈین دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بیان اس وقت آیا جب انڈین ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھی کہ راجناتھ سنگھ اسلام آباد میں اپنے پاکستان ہم منصب چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کریں گے۔
انڈیا کے راج ناتھ سنگھ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ ’انھیں فی الحال راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے ایجنڈے کا علم نہیں۔ تاہم اگر ان کے ساتھ پاکستانی حکام کی کوئی ملاقات ہوئی تو کشمیر کا معاملہ ان کے ایک اہم ایجنڈے میں سے ہوگا۔‘
سارک کانفرنس آئندہ ماہ تین اور چار اگست کو پاکستان میں ہو رہی ہے۔
انڈیا کے وزیر داخلہ کا دورۂ پاکستان ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ بھی ہو رہا ہے۔
گذشتہ دنوں راج ناتھ سنگھ نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کیا تھا اور اپنے دورے کے دوران کا کہنا تھا کہ ’کشمیر میں پاکستان کا کردار صحیح نہیں ہے۔ کشمیر پر پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔‘
Comments are closed.