پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کو خود پر زیادہ دباؤ لینے کی ضرورت ہے۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گرؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ’بطور ٹیم ہمارے لیے بہتر ہے کہ ہم تھوڑا دباؤ لیں، کیونکہ دباؤ لیں گے تو اگلا میچ زیادہ توجہ کے ساتھ کھیلیں گے۔‘
٭ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح
٭ 20 سال بعد لارڈز میں پاکستان کی شاندار جیت
مصباح الحق نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے درمیان یہی بات ہوئی ہے کہ انگلینڈ اب زیادہ جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گا۔
’ان کی ٹیم میں لیگ سپنر، آل راؤنڈر اور ایک فاسٹ بولر کی واپسی ہوئی ہے جس کے بعد وہ مزید مضبوط ٹیم بن گئی ہے اس لیے ہمیں اور زیادہ محنت کرنا ہوگی۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جمعے سے اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
ایک صحافی نے مصباح سے سوال کیا کہ کیا پاکستان اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے گا جس کے ساتھ اس نے لارڈز میں فتح حاصل کی تھی؟
اس پر مصباح الحق نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’آپ مجھے انگلینڈ ٹیم کی طرف سے لگ رہے ہیں۔ ٹیم کے بارے میں آپ کو کل ہی پتہ لگے گا۔‘
پاکستانی ٹیم لارڈز کرکٹ گراؤنڈ جیسے جشن کا سلسلہ آئندہ میچوں میں بھی جاری رکھی گی یا نہیں؟
اس پر مصباح الحق نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف ٹرینرز کی محنت پر انھیں داد دینے کے لیے تھا اور یہ پیغام ہم نے دے دیا ہے۔ اب ضروری نہیں کہ ہر میچ میں ایسا جشن منایا جائے۔‘
وہاں موجود صحافی نے سوال کیا کہ دو سال قبل انڈیا کی ٹیم نے بھی لارڈز ہی کے میدان پر انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور کچھ ایسا ہی جشن منایا تھا، لیکن بعد میں وہ تین ایک سے سیریز ہار گئے۔ تو آپ کیسے اس طرح کی سوچ سے لڑکوں کو دور رکھیں گے؟
’ہم جانتے ہیں کہ آپ مخالف ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے اور ہم مخالف ٹیم کی قوت سے بخوبی واقف ہیں۔ ہمارے جشن کا انڈیا کی ٹیم سے کچھ لینا دینا نہیں۔ہم جانتے ہیں کہ ہمیں آئندہ تینوں میچوں میں سخت محنت کرنا ہوگی۔‘
اولڈ ٹریفرڈ کی پچ کے بارے میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا: ’پچ اچھی اور سخت لگ رہی ہے اس پر سپن اور باؤنس بھی ہوگا اس لیے میرے خیال میں فاسٹ بولرز کو مدد ملے گی۔‘
یاسر شاہ کے حوالے سے مصباح الحق نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔’انھیں معمولی سے چوٹ آئی تھی جس کے بعد وہ اب ٹھیک ہیں۔‘
یاد رہے کہ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.