بھارت میں یومِ جمہوریہ پر کئی اداکاروں اور فلمسازوں کو اعلیٰ شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازاگیا جس پر بالی وڈ کے معروف ڈائیلاگ رائٹر اور اداکار قادر خان کا کہنا ہے ’اس بار جن لوگوں کو یہ اعزاز دیا گیا ہے اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ اچھا ہوا کہ مجھے ملک کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا نہیں گیا۔‘
ویسے بالی وڈ میں جن کو یہ ایوارڈ دیا گیا ان میں لوگوں کی سب سے زیادہ دلچسپی انوپم کھیر، مدھر بھنڈارکر اور مالنی اوستھی میں ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے حال ہی میں بھارت میں ’عدم رواداری‘ کی بات پر شاہ رخ خان اور عامرخان کی پر زور مخالفت کرتے ہوئے حکومت کی حمایت میں دہلی میں ریلی بھی نکالی تھی اور مودی حکومت کی تعریفوں کے پل باندھے تھے۔
یوں تو انوپم کھیر جن کی اہلیہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ پارلیمان ہیں، ان کی اداکاری کو سراہا جاتا رہا ہے لیکن مدھر بھنڈارکر نے مودی کے نعرے لگانے سے پہلے ’چند سنسنی خیز‘ فلمیں ضرور دی تھیں اس پس منظر میں قادر خان کی بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انوپم کھیر نے جو ٹوئٹر پر تالیاں بجا بجا کر خوشیاں منا رہے ہیں اس اعزاز کے لیے حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انوپم صاحب آپ کو شکریہ ادا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ یہ تو حکومت ہے جس نے آپ کو نواز کر خود آپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Comments are closed.