لاہور: مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی متنازع ہے اور خدشہ ہے کہ آنے والے الیکشن بھی ماضی کی طرح متنازع ہی ہوں گے۔
لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن ایک پارٹی کی اپوزیشن بن چکی ہے، ملک میں مک مکا کی سیاست چل رہی ہے لیکن ہم کسی کو ایسی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے چناؤ کے لئے بنائی گئی کمیٹی متنازع ہے کیونکہ اس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی نہیں، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو شامل کئے بغیر نظام درست نہیں ہوسکتا۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری متفقہ طور پر کی جائے گی تو عوام انتخابات کی شفافیت پر یقین کریں گے۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں بھی تمام صوبوں نے اپنے اپنے نمائندے بنائےاور اس کے بعد نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ اس لئے خدشہ ہے کہ ایک بار پھر تاریخ دہرائی جائے گی اور آئندہ الیکشن بھی متنازع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کا طریقہ کار وضع کیا جائے اور کمیٹی میں متفقہ طور پر دیئے گئے ناموں کی تشہیر کرکے عوام کو اس پر اعتماد میں لیا جائے۔
Comments are closed.